مواد پر جائیں
Junubisahaara
قومی

اخلاص کا تاج محل: خانقاہ رحمانی مونگیر

15 منٹ کی پڑھائی

اخلاص کا تاج محل: خانقاہ رحمانی مونگیر

شاہنواز بدر قاسمی

بہار کی سرزمین ہمیشہ سے علم و فن، تصوف و روحانیت، دینی تحریکوں اور ملی بیداری کا مرکز رہی ہے۔ اس سرزمین نے جہاں بڑے بڑے محدثین، مفسرین، فقہاء اور مجاہدین آزادی پیدا کئے، وہیں ایسی خانقاہیں بھی قائم ہوئیں جنہوں نے محض روحانی تربیت ہی نہیں کی بلکہ اپنے عہد کے سماجی، تعلیمی اور ملی مسائل میں بھی رہنمائی کا فریضہ انجام دیا۔ ان ہی عظیم علمی و روحانی مراکز میں ایک نمایاں نام خانقاہ رحمانی مونگیر کا بہی ہے، جس کی تاریخ ایک صدی سے زائد عرصے پر محیط ہے۔خانقاہ رحمانی کا نام آتے ہی ذہن میں ایک ایسی علمی و روحانی روایت کا تصور ابھرتا ہے جس کی بنیاد اخلاص، تقویٰ، اصلاح معاشرہ، تزکیۂ نفس، تعلیم و تربیت اور خدمت ملت پر رکھی گئی۔ یہ وہ مرکز ہے جہاں روحانیت کو محض چند ٹھوس روایات تک محدود نہیں رکھا گیا، بلکہ اسے شریعت کی پابندی، کردار سازی، علمی بیداری اور انسانی خدمت کے ساتھ مربوط کیا گیا۔ گزشتہ ایک صدی سے زائد عرصے میں اس ادارے نے نہ صرف بہار بلکہ پورے ہندوستان اور بیرون ملک میں بھی اپنی ایک نمایاں شناخت قائم کی ہے۔خانقاہ رحمانی کی بنیاد 1901ء میں برصغیر کے ممتاز عالم دین، مصلح امت اور دارالعلوم ندوۃ العلماء لکھنؤ کے بانیوں میں سے ایک حضرت مولانا محمد علی مونگیری رحمۃ اللہ علیہ نے رکھی۔ آپ کی ولادت 26 جولائی 1846ء کو ہوئی۔ آپ کے شیخ و مرشد حضرت مولانا فضل الرحمن گنج مرادآبادی رحمۃ اللہ علیہ تھے۔ ان ہی کے حکم اور رہنمائی پر آپ نے اپنے وطن کانپور سے مونگیر کا رخ کیا اور یہاں دینی و روحانی اصلاح کا ایک عظیم مشن شروع کیا۔اس زمانے میں بہار اور اطراف کے علاقوں میں دینی و اعتقادی بیداری کی شدید ضرورت تھی۔ قادیانیت کے بڑھتے ہوئے اثرات اور اسلامی عقائد کے خلاف ہونے والی فکری سرگرمیوں نے اہل علم کو تشویش میں مبتلا کر رکھا تھا۔ حضرت مولانا محمد علی مونگیری نے اس صورت حال کا نہایت سنجیدگی سے جائزہ لیا اور اپنی علمی، فکری اور تحریری صلاحیتوں کو اسلام کے دفاع اور عقائد کی حفاظت کے لیے وقف کردیا۔آپ نے تبلیغ و اشاعت، تصنیف و تالیف، مناظرے اور اصلاحی کوششوں کے ذریعے ایک بڑا علمی و دینی محاذ قائم کیا۔ اس مقصد کے لیے مطبوعات کی اشاعت کا بھی اہتمام کیا گیا۔ 1922ء میں ایک پریس قائم کیا گیا تاکہ اسلامی عقائد کے دفاع میں لٹریچر کی طباعت اور تقسیم کا کام تیز کیا جاسکے۔1901ء میں خانقاہ کی بنیاد رکھنے کے بعد حضرت مولانا محمد علی مونگیری نے 1903ء میں مونگیر کو اپنا مستقل ٹھکانہ بنایا۔ ابتدا میں یہاں محدود رہائشی سہولتیں تھیں، لیکن رفتہ رفتہ علماء، طلبہ، اہل علم، عقیدت مندوں اور اصلاح کے خواہش مندوں کی آمد میں اضافہ ہوتا گیا۔ مہمان خانے، رہائشی مکانات اور ذکر و عبادت کے لیے حجرے تعمیر ہوئے اور خانقاہ ایک وسیع روحانی مرکز کی شکل اختیار کرتی گئی۔13 ستمبر 1927ء کو حضرت مولانا محمد علی مونگیری رحمۃ اللہ علیہ کا انتقال ہوگیا، لیکن آپ کی قائم کردہ علمی و روحانی روایت آنے والی نسلوں کے لیے ایک مضبوط بنیاد فراہم کرچکی تھی۔خانقاہ رحمانی کی امتیازی خصوصیت یہ رہی ہے کہ اس کے سجادہ نشینوں نے روحانی رہنمائی کے ساتھ ساتھ علمی، تعلیمی، سماجی اور ملی میدانوں میں بھی نمایاں خدمات انجام دیں۔ اس خانقاہ کی مسند سجادگی پر اب تک پانچ شخصیات فائز ہوچکی ہیں، جن کی زندگیوں اور خدمات کا مطالعہ خانقاہ کی تاریخ کے مختلف ادوار کو سمجھنے کے لیے نہایت اہم ہے۔حضرت مولانا محمد علی مونگیری رحمۃ اللہ علیہ (1901ء تا 1927ء)آپ خانقاہ رحمانی کے بانی اور پہلے سجادہ نشیں تھے۔ آپ نے 1901ء میں اس خانقاہ کی بنیاد رکھی اور اپنی پوری زندگی دینی دعوت، اصلاح عقائد، تزکیۂ نفس اور ملت کی رہنمائی کے لیے وقف کردی۔ آپ کی شخصیت علم و عمل، شریعت و طریقت اور دینی بصیرت کا حسین امتزاج تھی۔ دارالعلوم ندوۃ العلماء لکھنؤ کے قیام میں بھی آپ کا بنیادی کردار رہا۔آپ نے خانقاہ رحمانی کو ایک ایسے مرکز کی حیثیت دی جہاں لوگ اپنی دینی و روحانی اصلاح، بیعت و ارشاد اور اخلاقی تربیت کے لیے رجوع کرتے تھے۔ آپ کے اخلاص، علمی مقام اور روحانی فیض نے بہت کم عرصے میں خانقاہ کو ملک کے ممتاز مراکز میں شامل کردیا۔حضرت مولانا سید شاہ لطف اللہ رحمانی رحمۃ اللہ علیہ (1927ء تا 1942ء)حضرت مولانا محمد علی مونگیری کے وصال کے بعد ان کے بڑے صاحبزادے حضرت مولانا سید شاہ لطف اللہ رحمانی نے خانقاہ کی مسند سجادگی سنبھالی۔ آپ کا دور ایک ایسے زمانے سے تعلق رکھتا ہے جب خانقاہ کے علمی و روحانی مشن کو نئی نسل تک منتقل کرنے اور اس کے قائم کردہ اداروں کو مستحکم کرنے کی سخت ضرورت تھی۔آپ نے اپنے بزرگوں کی قائم کردہ روایت کو برقرار رکھا اور خانقاہ کی ذمہ داریوں کو بخوبی انجام دیا۔ 1942ء میں آپ کے انتقال کے بعد آپ کے بھائی حضرت مولانا سید شاہ منت اللہ رحمانی نے یہ ذمہ داری سنبھالی۔حضرت مولانا سید شاہ منت اللہ رحمانی رحمۃ اللہ علیہ (1942ء تا 1991ء)حضرت مولانا محمد علی مونگیری کے صاحبزادے حضرت مولانا سید شاہ منت اللہ رحمانی رحمۃ اللہ علیہ نے 1942ء میں خانقاہ رحمانی کی ذمہ داری سنبھالی۔ آپ کی ولادت 17 اپریل 1913ء کو ہوئی۔آپ کا دور خانقاہ رحمانی کی تاریخ کا ایک نہایت اہم اور فیصلہ کن دور تصور کیا جاتا ہے۔ آپ نے خانقاہ کی روحانی سرگرمیوں کو آگے بڑھانے کے ساتھ جامعہ رحمانی کو ایک منظم اور وسیع تعلیمی ادارے کی شکل دی۔آپ کی شخصیت محض ایک سجادہ نشیں یا روحانی پیشوا کی نہیں تھی، بلکہ آپ ایک صاحب بصیرت ملی قائد، سیاسی و سماجی رہنما اور تحریک آزادی کے سرگرم رکن بھی تھے۔

انگریزوں کے خلاف جدوجہد کے دوران آپ نے خانقاہ کو ایک اہم مرکز کے طور پر استعمال کیا اور اس سلسلے میں دو مرتبہ انگریزی حکومت نے آپ کو جیل بہی بھیجا۔1957ء میں آپ امارت شرعیہ بہار و اڈیسہ کے امیر منتخب ہوئے۔ 1972ء میں اکابر علماء کے ساتھ مل کر آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے قیام میں بنیادی کردار ادا کیا اور اس کے بانی جنرل سکریٹری کی حیثیت سے تاحیات خدمات انجام دیں، آپ کا شمار دارالعلوم دیوبند کے ایک فعال و متحرک رکن شوریٰ کے طور پر بہی کیا جاتا ہے۔آپ نے مسلمانوں کے دینی، ملی، تعلیمی اور دستوری حقوق کے تحفظ کے لیے اپنی پوری زندگی صرف کردی۔ 19 مارچ 1991ء کو آپ کا وصال ہوا۔ آپ کے بعد آپ کے صاحبزادے حضرت مولانا محمد ولی رحمانی نے خانقاہ کی ذمہ داری سنبھالی۔حضرت مولانا سید محمد ولی رحمانی رحمۃ اللہ علیہ (1991ء تا 2021ء)حضرت مولانا منت اللہ رحمانی کے وصال کے بعد 21 مارچ 1991ء کو آپ کے صاحبزادے حضرت مولانا سید محمد ولی رحمانی رحمۃ اللہ علیہ خانقاہ رحمانی کے چوتھے سجادہ نشیں مقرر ہوئے۔آپ کی ولادت 5 جون 1943ء کو ہوئی۔ آپ نے اپنے والد کے علمی، روحانی اور ملی ورثے کو نہ صرف محفوظ رکھا بلکہ اسے نئے تقاضوں کے مطابق وسعت بھی عطا کی۔آپ کی شخصیت اپنے اندر کئی جہتیں رکھتی تھی۔ آپ ایک ممتاز عالم دین، مفکر، دانشور، سیاست داں، تعلیمی رہنما اور ملت کے ترجمان تھے۔ آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ میں طویل عرصے تک خدمات انجام دیں اور جنرل سکریٹری کی حیثیت سے مسلمانوں کے اہم مسائل پر رہنمائی فراہم کی۔ آپ بہار قانون ساز کونسل کے رکن اور ڈپٹی چیئرمین بھی رہے۔آپ کے دور میں خانقاہ رحمانی اور جامعہ رحمانی کی سرگرمیوں میں مزید وسعت آئی۔ بالخصوص تعلیم کو ملت کی ترقی کا بنیادی ذریعہ قرار دیتے ہوئے آپ نے جدید علوم اور عصری تقاضوں کی طرف خصوصی توجہ دی۔اسی فکر کے تحت رحمانی فاؤنڈیشن اور رحمانی 30 جیسے تعلیمی منصوبوں نے ملک بھر میں اپنی شناخت قائم کی۔ باصلاحیت مگر معاشی اعتبار سے کمزور طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کرنے کی یہ کوشش ایک نئی تعلیمی تحریک کی شکل اختیار کرگئی۔3 اپریل 2021ء کو آپ کا انتقال ہوا۔ آپ کے وصال سے ملت اسلامیہ ایک ایسی شخصیت سے محروم ہوگئی جس نے علم، فکر، جرأت اور عملی جدوجہد کے ذریعے ایک نمایاں مقام حاصل کیا تھا۔امیر شریعت حضرت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی دامت برکاتہم (2021ء تا حال)مفکر اسلام حضرت مولانا محمد ولی رحمانی رحمۃ اللہ علیہ نے اپنی حیات ہی میں 15 نومبر 2015ء کو خانقاہ رحمانی کی سالانہ فاتحہ خوانی کے موقع پر اپنے بڑے صاحبزادے حضرت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی کے نام کا اعلان آئندہ سجادہ نشیں کی حیثیت سے کردیا تھا۔چنانچہ والد کے وصال کے بعد 9 اپریل 2021ء بروز جمعہ خانقاہ رحمانی میں حضرت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی کی دستار بندی عمل میں آئی اور آپ خانقاہ کے پانچویں سجادہ نشیں قرار پائے۔آپ کی ولادت 12 مئی 1975ء کو خانقاہ رحمانی مونگیر میں ہوئی۔ آپ نے دینی و علمی تربیت اپنے دادا حضرت مولانا منت اللہ رحمانی اور والد حضرت مولانا محمد ولی رحمانی کی نگرانی میں حاصل کی۔ جامعہ ازہر مصر میں عربی علوم کی تحصیل اور امریکہ میں انجینئرنگ کی اعلیٰ تعلیم نے آپ کی شخصیت کو دینی اور عصری علوم کے امتزاج سے آراستہ کیا۔آپ کی سرپرستی میں خانقاہ اور جامعہ کے تعلیمی و اصلاحی مشن کو آگے بڑھایا جارہا ہے۔ جامعہ میں تخصص فی الفقہ، شعبہ صحافت اور دارالحکمت جیسے شعبوں کی توسیع اس سلسلے کی اہم کڑیاں ہیں۔ آپ امارت شرعیہ بہار، اڈیشہ، جھارکھنڈ و مغربی بنگال کے آٹھویں امیر شریعت بھی ہیں۔اس طرح خانقاہ رحمانی کی سجادگی کا یہ سلسلہ پانچ عظیم شخصیات کے ذریعے ایک صدی سے زائد عرصے سے جاری ہے۔خانقاہ رحمانی کی تاریخ کا ایک نہایت اہم باب جامعہ رحمانی مونگیر کا قیام ہے۔ حضرت مولانا محمد علی مونگیری رحمۃ اللہ علیہ نے اپنی زندگی کے آخری ایام میں 1927ء میں اس تعلیمی ادارے کی بنیاد رکھی۔جامعہ کا مقصد صرف دینی علوم کی تدریس نہیں تھا، بلکہ ایسے علماء اور فضلاء تیار کرنا تھا جو دین کی صحیح تفہیم کے ساتھ اپنے عہد کے علمی، فکری اور سماجی مسائل کا بھی شعور رکھتے ہوں۔1934ء کے تباہ کن زلزلے میں جامعہ کو شدید نقصان پہنچا اور تعلیمی سرگرمیاں متاثر ہوئیں۔ بعد ازاں 1942ء میں حضرت مولانا منت اللہ رحمانی رحمۃ اللہ علیہ نے اسے دوبارہ منظم کیا اور اس کے تعلیمی نظام کو نئی بنیادوں پر استوار کیا۔1954ء میں نصاب میں عصری علوم کو بھی شامل کیا گیا۔ وقت کے ساتھ عربی، فارسی، تفسیر، حدیث، فقہ، ادب اور دیگر اسلامی علوم کے ساتھ جدید مضامین کی تدریس کا بھی اہتمام ہوا۔جامعہ رحمانی نے ملک کے مختلف حصوں میں دینی تعلیم کے فروغ اور مدارس کے تعلیمی معیار کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ اس کے فضلاء نے تدریس، افتاء، تصنیف، تحقیق، دعوت و تبلیغ اور سماجی خدمت کے میدانوں میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔

خانقاہ سے متعلق تاریخی تحریروں میں اس بات کا ذکر ملتا ہے کہ انگریزی حکومت نے یہاں متعدد مرتبہ تلاشی لی، لیکن آزادی کی تحریک سے متعلق سرگرمیوں کے باوجود حکام کو کوئی ایسا ثبوت ہاتھ نہیں آسکا جس کی بنیاد پر وہ اپنے مقاصد میں کامیاب ہوسکتے۔1934ء کے تباہ کن زلزلے کے بعد مونگیر میں امدادی سرگرمیوں کے سلسلے میں ملک کے ممتاز قومی رہنماؤں کی آمد ہوئی۔ مہاتما گاندھی، پنڈت جواہر لعل نہرو اور سرحدی گاندھی خان عبدالغفار خان جیسی شخصیات نے الگ الگ مواقع پر مونگیر کا دورہ کیا اور خانقاہ رحمانی میں قیام بھی کیا۔ خصوصاً خان عبدالغفار خان کے تقریباً پندرہ روزہ قیام کا ذکر تاریخی تحریروں میں ملتا ہے۔اس دور میں خانقاہ کا مہمان خانہ قومی رہنماؤں اور مجاہدین آزادی کی آمد و رفت کا اہم مقام بن گیا تھا۔ حضرت مولانا منت اللہ رحمانی کے علمی و سیاسی روابط اور آزادی کی تحریک میں ان کی عملی سرگرمیوں نے خانقاہ کو قومی سطح پر ایک نمایاں شناخت عطا کی۔یہ حقیقت بھی قابل ذکر ہے کہ خانقاہ نے مذہبی شناخت سے بالاتر ہوکر قومی جدوجہد اور انسانی خدمت کے جذبے کو فروغ دیا۔ یہی وجہ تھی کہ مختلف مذاہب اور طبقات سے تعلق رکھنے والے رہنماؤں کے ساتھ اس کے روابط قائم ہوئے۔خانقاہ رحمانی کی تاریخ میں ایک اہم اور یادگار واقعہ سابق صدر جمہوریہ ہند اور ممتاز سائنس داں ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام کا دورہ ہے۔31 مئی 2003ء کو ڈاکٹر عبدالکلام اپنے دورۂ بہار کے دوران مونگیر تشریف لائے۔ خانقاہ رحمانی سے متعلق شائع ہونے والی تاریخی رپورٹوں کے مطابق انہوں نے خانقاہ کا دورہ کیا اور اس کے علمی و روحانی ماحول سے متاثر ہوئے۔

حضرت مولانا محمد علی مونگیری رحمۃ اللہ علیہ کے زمانے میں علماء، مشائخ اور عام لوگوں کی بڑی تعداد خانقاہ میں حاضر ہوتی تھی۔ وقت کے ساتھ یہ سلسلہ مزید وسیع ہوتا گیا اور خانقاہ کا فیض ملک کی سرحدوں سے آگے تک پہنچا۔اس تعلق کی بنیاد صرف روحانی وابستگی نہیں بلکہ اخلاقی تربیت، شریعت کی پابندی، خدمت خلق، حقوق العباد اور اصلاح معاشرہ کا پیغام بھی ہے۔ مختلف ادوار میں سجادگان کی علمی و ملی خدمات نے اس تعلق کو مزید مضبوط کیا۔یہاں عقیدت مندوں کی تعداد کے بارے میں لاکھوں کا ذکر کیا جاتا ہے، اگرچہ اس کی کوئی باقاعدہ مستند رپورٹ دستیاب نہیں۔ تاہم ملک و بیرون ملک پھیلے ہوئے وسیع حلقۂ ارادت اور مسلسل عوامی وابستگی سے اس مرکز کے غیر معمولی اثرات کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے، اس کا عملی مظاہرہ ہر سال خانقاہ رحمانی کے فاتحہ خوانی اور جلسہ دستار بندی کے موقع پر بخوبی لگایا جاسکتا ہے، کورونا وباء کے دوران حضرت مولانا محمد ولی رحمانی صاحب رحمۃ اللّٰہ علیہ کی نمازِ جنازہ میں لاکھوں کے مجمع نے بہی لوگوں کو بیحد متاثر اور حیران کردیا تہا، خانقاہ رحمانی سے عقیدت مندوں کا رشتہ کتنا مضبوط اور مستحکم ہے اس بات کا اندازہ موجودہ امیر شریعت حضرت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی کی عوامی روابط، ملی سرگرمیوں اور دینی و تعلیمی اجتماعات میں ان کی حاضری سے بہی لگایا جاسکتا ہے۔خانقاہ رحمانی میں سالانہ فاتحہ خوانی کا اجتماع ایک اہم روایت کی حیثیت رکھتا ہے۔ اس موقع پر ملک کے مختلف حصوں سے علماء، مشائخ، اہل علم، مریدین، متوسلین اور عقیدت مند جمع ہوتے ہیں۔اس اجتماع کا بنیادی مقصد اکابرین کی دینی و ملی خدمات کو یاد کرنا، ان کے لیے دعائے مغفرت اور ایصال ثواب کرنا، دینی و روحانی تربیت حاصل کرنا اور خانقاہ کے جاری مشن سے وابستگی کو تازہ کرنا ہے۔یہاں کی فاتحہ خوانی کو محض ایک رسمی اجتماع کے طور پر نہیں دیکھا جاسکتا۔ درحقیقت یہ ایک ایسی روایت ہے جو گزشتہ سجادگان کی یادوں کو تازہ کرتی ہے اور نئی نسل کو اپنے علمی و روحانی ورثے سے متعارف کراتی ہے۔اس اجتماع میں خانقاہ کے تاریخی سفر، اکابر کی قربانیوں، ان کی علمی خدمات اور موجودہ دور کی ذمہ داریوں پر گفتگو ہوتی ہے۔ اس طرح یہ اجتماع ماضی کی یاد اور مستقبل کے لائحۂ عمل کے درمیان ایک مضبوط رابطے کا ذریعہ بھی بنتا ہے۔خانقاہ رحمانی میں دستار بندی کی روایت بھی تاریخی اہمیت رکھتی ہے۔ یہاں دستار محض ایک رسمی علامت نہیں، بلکہ ایک عظیم ذمہ داری اور امانت کی منتقلی کا اظہار ہے۔حضرت مولانا محمد ولی رحمانی رحمۃ اللہ علیہ نے اپنی حیات ہی میں 15 نومبر 2015ء کو سالانہ فاتحہ خوانی کے موقع پر اپنے جانشین کا اعلان کردیا تھا۔ اس کے بعد 9 اپریل 2021ء کو حضرت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی کی دستار بندی عمل میں آئی اور انہیں خانقاہ کی مسند سجادگی سونپی گئی۔یہ دستار دراصل ایک ایسے مشن کی ذمہ داری تھی جس کی بنیاد حضرت مولانا محمد علی مونگیری نے رکھی، جسے مولانا لطف اللہ رحمانی، مولانا منت اللہ رحمانی اور مولانا محمد ولی رحمانی نے اپنے اپنے ادوار میں آگے بڑھایا۔اس روایت کا پیغام یہ ہے کہ اداروں کی اصل طاقت عمارتوں یا ظاہری شان و شوکت میں نہیں، بلکہ ان کے مقاصد، اصولوں، علمی و روحانی خدمات اور نسل در نسل منتقل ہونے والی ذمہ داریوں میں ہوتی ہے۔خانقاہ رحمانی مونگیر کی تاریخ کا مطالعہ کیا جائے تو معلوم ہوتا ہے کہ اس ادارے نے مختلف ادوار میں مختلف محاذوں پر خدمات انجام دی ہیں۔ کبھی یہ دینی عقائد کے تحفظ اور اصلاح معاشرہ کا مرکز رہا، کبھی تحریک آزادی میں معاونت کا ذریعہ بنا، کبھی جامعہ رحمانی کے ذریعے علم و تحقیق کی شمع روشن کی اور کبھی آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ اور امارت شرعیہ جیسی ملی تحریکوں کی فکری و عملی رہنمائی کا سرچشمہ بنا۔آج بھی اس مرکز کی اہمیت اس لیے برقرار ہے کہ اس کی بنیاد محض کسی ایک دور کی ضرورت پر نہیں، بلکہ ایک ایسے جامع تصور پر رکھی گئی تھی جس میں دین، تعلیم، روحانیت، سماجی اصلاح اور ملت کی فلاح ایک دوسرے سے مربوط ہیں۔خانقاہ رحمانی کے پانچوں سجادگان کی زندگیوں کا مطالعہ ہمیں یہ سبق دیتا ہے کہ حقیقی روحانی قیادت وہ ہے جو انسان کو اللہ تعالیٰ سے جوڑنے کے ساتھ اسے اپنے معاشرے اور ملت کے تئیں ذمہ دار بھی بنائے۔سالانہ فاتحہ خوانی اور دستار بندی کے مواقع پر اس عظیم تاریخی ورثے کو یاد کرنا دراصل اپنے اسلاف کی قربانیوں، خدمات اور مشن سے وابستگی کا عہد تازہ کرنا ہے۔مونگیر کی سرزمین پر قائم یہ خانقاہ اس حقیقت کی گواہ ہے کہ اخلاص، علم، روحانیت اور خدمت خلق کی بنیاد پر قائم ہونے والے ادارے وقت گزرنے کے ساتھ اپنی اہمیت کھوتے نہیں، بلکہ نسل در نسل اپنے اثرات کو وسیع کرتے چلے جاتے ہیں۔اللہ تعالیٰ خانقاہ رحمانی مونگیر، جامعہ رحمانی اور اس سے وابستہ تمام دینی، علمی اور رفاہی سرگرمیوں کو مزید ترقی عطا فرمائے، اکابرین کی خدمات کو قبول فرمائے اور موجودہ سجادہ نشیں حضرت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی دامت برکاتہم کو صحت و عافیت کے ساتھ اس عظیم امانت کی خدمت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔آمین یا رب العالمین۔