وقف املاک تنازعہ:


شہر میں 20 ہزار کروڑ کے ترقیاتی کام جاری، 500 کلومیٹر میٹرو نیٹ ورک کی تعمیر کا ہدف؛ لینڈ مافیا کے خلاف سخت کارروائی اور سڑکوں کی ترقی کے لیے نیا گرڈ سسٹم متعارف کرنے کا اعلان
بنگلورو، 17 نومبر: (جنوبی سہارا نیوز ) کرناٹک کے وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار نے کہا ہے کہ ریاستی حکومت کا مقصد بنگلورو کے بنیادی مسائل کا مستقل حل تلاش کرنا ہے اور شہر کی ترقی کو خصوصی ترجیح دی جارہی ہے۔ گزشتہ تین برسوں کے دوران شہر میں بڑے پیمانے پر بنیادی ڈھانچے کے ترقیاتی کام شروع کیے گئے ہیں اور تقریباً 20 ہزار کروڑ روپے کے مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے۔
وہ منگل کو مہادیوپورہ اسمبلی حلقہ کے گنجور میں عالمی بینک کے تعاون سے نافذ کیے جانے والے کرناٹک واٹر سکیورٹی اینڈ ڈیزاسٹر ریزیلینس پروگرام کے تحت برساتی نالوں اور سیلاب سے بچاؤ کے کاموں کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ بارش کے دوران شہر کے کئی علاقوں میں پانی جمع ہونے کے مسائل کو دیکھتے ہوئے تقریباً 2 ہزار کروڑ روپے کی لاگت سے راجاکالوے اور برساتی نالوں کی ترقی کا کام شروع کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ حفاظتی دیواروں کی تعمیر اور نالوں سے تجاوزات ہٹانے کے اقدامات بھی کیے جارہے ہیں۔
سڑکوں کی ترقی کے لیے نیا گرڈ سسٹم
وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ بنگلورو میں سڑکوں کی بہتر منصوبہ بندی اور ٹریفک مسائل کے حل کے لیے نیا روڈ گرڈ سسٹم تیار کیا جارہا ہے، جس کے تحت مستقبل میں غیر منصوبہ بند تعمیرات کو روکنے کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے ہوسکوٹے سے نندگوڈی تک 100 میٹر چوڑی سڑک تعمیر کرنے کے سابقہ بی جے پی حکومت کے منصوبے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس سے تقریباً 5 سے 6 ہزار عمارتیں منہدم ہونے کا خدشہ تھا، تاہم موجودہ حکومت نے متبادل راستہ اختیار کرتے ہوئے ضرورت کے مطابق 45 میٹر چوڑی سڑک تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا، جس سے ہزاروں عمارتوں کو بچانے کے ساتھ حکومت پر بھاری معاوضے کا بوجھ بھی کم ہوا۔
انہوں نے کہا کہ شہر میں فلائی اوورس، ڈبل ڈیکر سڑکوں اور میٹرو توسیع کے منصوبوں کو بھی ترجیح دی جارہی ہے۔ آئی ٹی اور بی ٹی کمپنیوں کے زیادہ ارتکاز والے علاقوں میں ٹریفک کے مسائل حل کرنے کے لیے ہزاروں کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ سڑکوں کی توسیع کے نام پر عمارتیں منہدم کرنا ہر مسئلے کا حل نہیں، بلکہ عوام کو کم سے کم پریشانی پہنچاتے ہوئے ترقیاتی منصوبے تیار کیے جانے چاہئیں۔
لینڈ مافیا کے خلاف سخت کارروائی کا انتباہ
ڈی کے شیوکمار نے کہا کہ بنگلورو میں دیگر ریاستوں اور اضلاع سے بڑی تعداد میں لوگ آباد ہورہے ہیں، اس لیے جامع اور مساوی ترقی ضروری ہے، تاہم لینڈ مافیا کو کسی بھی صورت میں سرگرم ہونے کا موقع نہیں دیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اصل زمین مالکان کو ہراساں کیے جانے کی شکایات موصول ہوئی ہیں اور پولیس افسران کو ایسے معاملات میں سخت نگرانی کی ہدایت دی جائے گی۔ لینڈ مافیا سے بعض سیاست دانوں اور پولیس اہلکاروں کے مبینہ روابط کے الزامات کی بھی تحقیقات کی جائیں گی۔
ووٹرس فہرست میں مبینہ بے ضابطگیوں پر تشویش
وزیر اعلیٰ نے بنگلورو میں ووٹر لسٹ سے تقریباً 45 لاکھ ووٹ کم کیے جانے اور بعض حلقوں میں بغیر اصل دستاویزات کے 12 سے 15 ہزار نئے ووٹ شامل کیے جانے سے متعلق اطلاعات پر تشویش ظاہر کی۔ انہوں نے کہا کہ اہل ووٹرس کے نام حذف نہیں ہونے چاہئیں اور نااہل افراد کے نام بھی فہرست میں شامل نہیں کیے جانے چاہئیں۔ ہر شہری کو اپنے حق رائے دہی کا تحفظ کرنا چاہیے، کیونکہ ووٹ ڈالنا صرف ایک جمہوری حق نہیں بلکہ خودداری کا بھی حق ہے۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں کو گھر گھر جاکر ووٹر فہرستوں کی جانچ کرنے کی ہدایت دی۔
500 کلومیٹر میٹرو نیٹ ورک کا ہدف
میٹرو کی توسیع سے متعلق سوال پر ڈی کے شیوکمار نے کہا کہ بنگلورو کی مستقبل کی سفری ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے شہر میں مجموعی طور پر 500 کلومیٹر طویل میٹرو نیٹ ورک قائم کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔ تقریباً 300 کلومیٹر کے مجوزہ روٹس منظوری کے مختلف مراحل میں ہیں، جبکہ باقی راستوں کے منصوبے مرحلہ وار تیار کرکے نافذ کیے جائیں گے۔
سرنگ روڈ منصوبے کی مخالفت پر تنقید
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ شہر میں ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنے کے لیے سرنگ روڈ منصوبے پر حکومت کام کررہی ہے، لیکن بعض افراد کی جانب سے اس کی مخالفت اور عدالتی مقدمات کے ذریعے رکاوٹیں پیدا کرنا مناسب نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر فلائی اوور تعمیر کرنے کی تجویز پیش کی جائے تو درختوں کی کٹائی پر اعتراض کیا جاتا ہے، ایسے میں عوام کی آمدورفت کے مسائل کیسے حل ہوں گے؟ ترقیاتی منصوبوں کے لیے سب کو تعاون کرنا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیاست آتی جاتی رہتی ہے، لیکن ترقیاتی کام ہمیشہ باقی رہتے ہیں۔ حکومت کی پانچ ضمانتی اسکیموں کے ساتھ عوام کو ’بھومی گارنٹی‘ بھی فراہم کی گئی ہے اور اہل مستحقین تک تمام سرکاری فوائد پہنچانے کے لیے گھر گھر سروے کے ذریعے خامیوں کو دور کیا جائے گا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بنگلورو کی ترقی اور سرکاری منصوبوں کے مؤثر نفاذ میں حکومت کا تعاون کریں۔
موضوعات