مواد پر جائیں
Junubisahaara
شہر

وقف املاک تنازعہ:

2 منٹ کی پڑھائی

سنی مشائخ کونسل کی جانب سے امن برقرار رکھنے کی اپیل

ہبلی، 24 نومبر(شعیب احمد مرزا) ضلع دھارواڑ سنی مشائخ کونسل نے وقف گھوٹالے سے متعلق حالیہ بحث اور تنازعات کے پیش نظر ایک اہم پیغام جاری کرتے ہوئے عوام، سماجی حلقوں اور متعلقہ فریقین سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی فرد یا ادارے پر الزام تراشی سے گریز کریں اور شہر میں امن و امان کی فضا کو ہر قیمت پر برقرار رکھیں۔ کونسل کے عہدیداران نے واضح کیا ہے کہ وقف املاک سے جڑے معاملات انتہائی حساس نوعیت کے ہیں۔ سوشل میڈیا یا عوامی سطح پر بحث و مباحثہ سے معاشرے میں انتشار اور غلط فہمیاں پیدا ہوتی ہیں، جس سے گریز کرنا ضروری ہے۔

ان کا مؤقف ہے کہ اگر وقف املاک کے انتظام یا استعمال میں کسی قسم کی بے ضابطگی ہوئی ہے، تو اس کا فیصلہ قانون اور شواہد کی بنیاد پر متعلقہ اداروں اور عدالتوں کو کرنا چاہیے۔ عوامی سطح پر اس پر بحث مناسب نہیں ہے۔کونسل نے اس بات پر زور دیا ہے کہ شہر کا امن سب سے مقدم ہے۔ تمام مکاتبِ فکر کے لوگوں کو چاہیے کہ وہ صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں اور کسی بھی ایسی سرگرمی کا حصہ نہ بنیں جس سے فرقہ وارانہ ہم آہنگی یا سماجی سکون متاثر ہو۔پیغام میں مساجد کے ائمہ، خطباء اور سماجی کارکنوں سے بھی گزارش کی گئی ہے کہ وہ عوام میں شعور بیدار کریں اور مثبت ماحول کے فروغ میں اپنا کردار ادا کریں۔

سنی مشائخ کونسل کے مطابق، وقف املاک کا تحفظ پوری قوم کی مشترکہ ذمہ داری ہے، تاہم اس مقصد کے حصول کے لیے آئینی، قانونی اور پُرامن راستہ ہی اختیار کیا جانا چاہیے تاکہ شہر کی ترقی اور خوشحالی کا عمل متاثر نہ ہو۔ اس موقع پر ضلعی صدرسید شمش الحق صاحب عرف کرنول پیراں، نائب صدر سید ولی اللہ حسینی قادری، مالاپور،دھارواڑ اور سرپرست و کنوینر حضرت سید تاج الدین قادری نے خطاب کیا۔ ان کے علاوہ سکریٹری خواجہ معین الدین عرف پٹن والے پیراں، اراکین سید جلال قادری، مختوم شاہ قادری، سید بہاءالدین قادری، زین العابدین پٹن والے پیراں، نظام الدین پٹن والے پیراں و دیگر مشائخین حاضر رہے۔

موضوعات