مواد پر جائیں
Junubisahaara
شہر

کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس، پولیس اسٹیشنوں کو رئیل اسٹیٹ مافیا کا اڈہ نہ بننے دیں: وزیر اعلیٰ

5 منٹ کی پڑھائی

ڈرگس سے پاک کرناٹک حکومت کا عزم، غنڈہ عناصر کے خاتمے کے لیے الگ کمشنریٹ قائم، جھوٹی خبروں اور نفرت انگیز تقاریر پر سخت کارروائی کی ہدایت

بنگلورو، 20 نومبر: (جنوبی سہارا نیوز)

کرناٹک کے وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار نے پولیس افسران کو سخت ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست میں بدعنوانی کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اختیار کی جائے اور کسی بھی صورت پولیس اسٹیشنوں کو رئیل اسٹیٹ کاروبار یا غیر قانونی سرگرمیوں کا مرکز بننے کی اجازت نہ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ تیزی سے ترقی کرنے والے شہر بنگلورو میں امن و امان برقرار رکھنا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور پولیس افسران پوری ذمہ داری اور فرض شناسی کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیں۔

وزیر اعلیٰ نے جمعہ کو ودھان سودھا کے جدید تعمیر شدہ اجلاس ہال ’سنگم‘ میں بنگلورو شہر کے سینئر پولیس افسران کے ساتھ منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بنگلورو کی آبادی پولیس کمشنر کا دفتر قائم ہونے کے وقت تقریباً 20 لاکھ تھی، جو اب بڑھ کر تقریباً 1.5 کروڑ تک پہنچ چکی ہے۔ شہر کی بڑھتی ہوئی آبادی اور انتظامی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے 5 پولیس کمشنریٹ قائم کیے گئے ہیں، جن کے تحت چیف کمشنر کی نگرانی میں 5 پولیس کمشنر شہر میں امن و امان کی ذمہ داری سنبھالیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پولیس نظام کو مضبوط بنانے کے لیے نئے علاقوں کو اس کے دائرے میں شامل کرنے کے ساتھ سینکڑوں نئی اسامیاں بھی پیدا کی گئی ہیں۔ پولیس افسران کو حکومت کی توقعات پر پورا اترنے کے لیے ’ٹیم بنگلورو‘ کے جذبے کے ساتھ کام کرنا ہوگا۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آج پورا ملک بنگلورو کی جانب دیکھ رہا ہے اور شہر میں تقریباً 2 لاکھ غیر ملکی شہری مختلف شعبوں میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ ایسے میں ٹریفک کے مسائل بھی بعض اوقات عالمی سطح پر موضوع بحث بن جاتے ہیں۔ اس لیے پولیس کی ذمہ داریاں مزید بڑھ گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پولیس افسران سے صرف جوابدہی اور بہتر کارکردگی کی توقع رکھتی ہے۔ افسران اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے عوام کا اعتماد حاصل کریں اور امن و امان برقرار رکھنے کو اولین ترجیح دیں۔

غنڈہ عناصر کے خلاف الگ کمشنریٹ:

ڈی کے شیوکمار نے کہا کہ غنڈہ عناصر اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جانی چاہیے۔ ان سرگرمیوں کے مکمل خاتمے کے لیے حکومت نے خصوصی راؤڈی مخالف فورس قائم کی ہے اور ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (اے ڈی جی پی) سطح کے سینئر افسر کی قیادت میں الگ راؤڈی نِگرانی کمشنریٹ تشکیل دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پولیس کی وردی کا احترام برقرار رہنا چاہیے اور جرائم کرنے والوں میں قانون کا خوف ہونا ضروری ہے۔ جن شہریوں کو تحفظ کی ضرورت ہے انہیں مکمل تحفظ فراہم کیا جائے، جبکہ قصورواروں کو سخت سزا دلانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ پولیس کا رویہ عوام دوست ہونا چاہیے۔

ڈرگس کے کاروبار میں ملوث پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ڈرگس سے پاک کرناٹک بنانا حکومت کا اہم عزم ہے۔ اگر پولیس اہلکار خود منشیات کے کاروبار میں ملوث پائے جاتے ہیں یا اس کے ذریعے وصولی کرتے ہیں تو حکومت اسے انتہائی سنجیدگی سے لے گی اور ایسے اہلکاروں کے خلاف بلا لحاظ عہدہ سخت کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے سینئر پولیس افسران کو ہدایت دی کہ وہ مسلسل پولیس اسٹیشنوں کا دورہ کریں اور وہاں کے کام کاج کا جائزہ لیں۔ پولیس اسٹیشنوں کو رئیل اسٹیٹ کے غیر قانونی کاروبار کا مرکز بننے سے روکیں، رات کے گشت میں اضافہ کریں اور غیر قانونی سرگرمیوں کا خاتمہ یقینی بنائیں۔

سوشل میڈیا پر نظر رکھنے اور سائبر جرائم کی روک تھام کی ہدایت:

وزیر اعلیٰ نے جھوٹی خبروں، نفرت انگیز تقاریر اور سوشل میڈیا کے ذریعے سماج میں بدامنی پھیلانے کی کوششوں پر سخت کارروائی کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ پولیس سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر مسلسل نظر رکھے۔ سائبر جرائم اور آن لائن دھوکہ دہی کے واقعات کی روک تھام کے لیے ٹیکنالوجی کا مؤثر استعمال کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ معاشی جرائم کے خاتمے کے لیے منظم کوششیں ضروری ہیں۔ پولیس افسران حکومت کے احکامات پر مؤثر عمل درآمد کریں اور عوام میں پولیس کے تئیں اعتماد اور احترام پیدا کریں۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وہ جلد ہی ریاست بھر کے پولیس افسران کے ساتھ ایک اور اجلاس منعقد کریں گے۔ انہوں نے افسران کو ایک ماہ کے اندر اپنی کارکردگی کے مثبت نتائج عوام کے سامنے لانے کی ہدایت دی۔

بنگلورو کو بدعنوانی سے پاک شہر بنانا حکومت کا مقصد

بعد ازاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بنگلورو میں بدعنوانی، منشیات کے بڑھتے ہوئے کاروبار اور جرائم کی سرگرمیوں کو کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ بنگلورو کو بدعنوانی سے پاک شہر بنانا حکومت کا اہم مقصد ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریاست میں امن و امان برقرار رکھنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ پولیس محکمہ میں نچلی سطح تک بدعنوانی کا خاتمہ کرنے کے لیے سینئر افسران کو مسلسل نگرانی کرنی ہوگی۔ کسی بھی سیاسی اثر و رسوخ یا تعلقات کی بنیاد پر بدعنوانی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ بنگلورو کے پولیس نظام کو 5 الگ الگ کمشنریٹ میں تقسیم کرنے اور نئے پولیس اسٹیشنوں کے قیام کا مقصد ٹریفک، غنڈہ سرگرمیوں اور جرائم پر مؤثر قابو پانا ہے۔ یہ بہتر انتظامیہ کی سمت ایک نیا تجربہ ہے۔ پولیس محکمہ کے تئیں عوام میں احترام ہونا چاہیے اور جرائم پیشہ افراد میں قانون کا خوف بھی برقرار رہنا چاہیے۔

ذات پات کے درمیان تصادم کو ہوا نہ دی جائے

وزیر اعلیٰ نے بسونا کے نظریات کے حوالے سے ذات پات کی بنیاد پر تنازعات پیدا کرنے کی کوششوں سے گریز کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ کسی کو بھی مختلف طبقات کے درمیان نفرت اور اختلافات کی آگ بھڑکانے کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے۔ اس معاملے میں نائب وزیر اعلیٰ پہلے ہی کابینہ کے فیصلے کی وضاحت کرچکے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت کسی بھی طبقے کے خلاف امتیازی رویہ اختیار نہیں کرے گی۔

موضوعات